ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وزیر داخلہ کے گھر کے باہر احتجاج کرنے جا رہے’آپ‘ کے 4 اراکین اسمبلی کو حراست میں لیا: پولیس

وزیر داخلہ کے گھر کے باہر احتجاج کرنے جا رہے’آپ‘ کے 4 اراکین اسمبلی کو حراست میں لیا: پولیس

Mon, 14 Dec 2020 00:03:39    S.O. News Service

ئی دہلی، 13 دسمبر (آئی این ایس انڈیا) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے گھر کے باہر احتجاج کرنے جارہے عام آدمی پارٹی (آپ) کے 4 اراکین اسمبلی کو اتوار کے روز پولیس نے حراست میں لے لیا۔

ایک دن پہلے ہی آپ نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے زیرقیادت میونسپل کارپوریشنوں پر کروڑوں روپے کے غبن کا الزام عائد کرتے ہوئے سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ آپ کا الزام ہے کہ شمالی دہلی اور جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشنوں میں 2400 کروڑ روپے سے زیادہ کی بدعنوانی ہوئی ہے۔

پارٹی نے اعلان کیا تھا کہ وہ اتوار سے شاہ اور لیفٹیننٹ گورنر انیل بیجل کے گھر کے باہر احتجاج شروع کردے گی جب تک کہ اس معاملے کی تحقیقات کا حکم نہ دیا جائے۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ آپ کے راگھو چڈھا اور نو دیگر افراد کو اتوار کے روز مرکزی وزیر داخلہ کے گھر کے باہر احتجاج کے دوران جاتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔

عہدیدار نے بتایاکہ انہیں حراست میں لیا گیا اور راجندر نگر پولیس اسٹیشن لایا گیا۔ اس سے پہلے انہوں نے مظاہرے کے لئے اجازت طلب کی تھی لیکن کووڈ 19 کے بارے میں دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) کے رہنما اصولوں کے پیش نظر اسے مسترد کردیا گیا تھا۔چڈھا نے کہاکہ ہم بی جے پی کے میونسپل کارپوریشنوں میں سب سے بڑے گھوٹالے کے خلاف احتجاج کرنے جارہے ہیں لیکن ہمیں گھروں سے گرفتار کرلیا گیا، کیا امت شاہ دہلی پولیس کا استعمال کرتے ہوئے اس بدعنوانی کو دبانا چاہتے ہیں؟۔

پولیس نے بتایا کہ چڈھا کے علاوہ براری کے ایم ایل اے سنجیو جھا، کیرڈی کے ایم ایل اے ریتوراج جھا اور کونڈالی کے ایم ایل اے کلدیپ کمار کو حراست میں لیا گیا۔ آپ کا الزام ہے کہ بی جے پی کی زیرقیادت شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن نے جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن سے لئے گئے 2400 کروڑ روپے سے زیادہ کی بدعوانی کی ہے، تاہم بی جے پی نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔


Share: